Tuesday, 10 October 2017

عرقِ گلاب کے حیران کن فائدے | Amazing Benefits of Rose Water

عرق گلاب کیل مہاسوں کا خاتمہ کرنے میں بھی نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ
  گلاب کو عموماً خوبصورتی کے استعارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن اس کے فائدے بھی کچھ کم حیرت انگیز نہیں جن سے اکثر لوگ ناواقف ہیں۔
گلاب کی پتیوں کو نچوڑ کر عرق نکالا جاتا ہے جسے پانی میں شامل کرکے ایک محلول تیار کیا جاتا ہے جو ’’عرقِ گلاب‘‘ (روز واٹر) کہلاتا ہے۔ عرقِ گلاب انسانی جلد کے لیے بے حد مفید ہے کیونکہ یہ جلد کو نرم رکھتا ہے اور خشکی دور کر کے جلد کی نمی برقرار رکھتا ہے۔
اپنی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کی بناء پر عرقِ گلاب جلد کے خلیات کو توانا اور صحت مند بنانے میں کارآمد ثابت ہوتا ہے اور جلد کے ٹشوز کی افزائش میں معاون بنتا ہے جب کہ اس محلول کو باقاعدگی سے استعمال کر کے جلد پر پڑنے والی جھریوں کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔
عرق گلاب بالوں کی متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ روکھے بالوں اور سر میں خشکی سے چھٹکارا پانے کےلیے عرق گلاب کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
آشوب چشم کا علاج بھی عرق گلاب سے ہوتا ہے۔ اس کے چند قطرے نہ صرف آنکھوں کی جلن کو دور کرتے ہیں بلکہ گرد وغبار کو بھی نکال باہر کرتے ہیں جبکہ آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقوں کو بھی عرقِ گلاب کے استعمال سے دور کیا جاسکتا ہے۔
رنگ گورا کرنے والی کریموں میں عرق گلاب کے چند قطرے ڈال کر روزانہ جلد پر لگایا جائے تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں جلد پر نمی کا برقرار رہنا سرفہرست ہے۔
چہرے کو تروتازہ رکھنے کےلیے عرق گلاب لگانے سے جلد کی اوپری سطح پر موجود مردہ خلیوں (ڈیڈ سیلز) کا خاتمہ ہوتا ہے اور جراثیم سے نجات حاصل ہوتی ہے۔
اگر آپ چہرے پر کیل مہاسوں سے پریشان ہیں تو اِن کا حل بھی عرق گلاب کی صورت میں موجود ہے۔ لیموں کا رس اور عرق گلاب کی مساوی مقداریں آپس میں ملا کر چہرے پر روزانہ آدھے سے ایک گھنٹے تک لگائے رکھنے سے کیل مہاسوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ وقت پورا ہونے کے بعد چہرے کو تازہ پانی سے دھو لیجیے۔ یہ عمل جاری رکھنے سے نہ صرف چہرے پر موجود کیل مہاسے ختم ہوجائیں گے بلکہ آئندہ بھی ان کے نمودار ہونے کا امکان نہیں رہے گا۔


No comments:

Post a Comment