Friday 13 October 2017

بچت کرنے کے 7 طریقے | Seven Methods of Savings

Urdu Books and Urdu Novels

پیسہ خرچ کرنا جتنا ضروری ہے، پیسے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ یہ بچی ہوئی رقم مستقبل میں کسی آڑے وقت میں کام آ سکتی ہے۔
 روز بروز بڑھتی مہنگائی سے امیر اور غریب سب ہی پریشان ہیں، لیکن سوال پھر یہ آ جاتا ہے کہ بچت کیسے کریں؟ مکان کا کرایہ بھی دینا ہے، بچوں کے سکول کی فیس بھی ادا کرنی ہے، گوشت بھی خریدنا ہے اور مہنگے ٹماٹر بھی ضرور لینے ہیں۔ ہر مہینے کسی نہ کسی کی سالگرہ یا شادی کا بلاوا بھی آ جاتا ہے۔ اب ایسے میں بچت کیسے کی جائے؟ اس سوال کے جواب کے لئے پڑھئیے بچت کرنے کے سات طریقے۔

بجٹ بنائیں

بچت کرنے کا سب سے پہلا مرحلہ ماہانہ بجٹ بنانا ہے۔ اپنے بجٹ میں اپنی تنخواہ، ممکنہ اخراجات اور بچت کی تفصیلات لکھیں۔ اخراجات کی تفصیل لکھتے ہوئے اچانک آ جانے والے اخراجات کو نہ بھولیں۔ مثلاً کار کی سروس۔ جب ایک بار آپ کا بجٹ بن جائے تو پورا مہینہ اس پر سختی سے عمل کرنے کی کوشش کریں۔

اپنے اخراجات لکھیں

آپ جو بھی خرچہ کریں اسے ایک چھوٹی ڈائری میں لکھ لیں۔ یہ آپ کو اپنے ضروری اخراجات کو جاننے میں مدد دے گی۔ مہینے کے آخر میں ڈائری چیک کریں اور آپ کو اپنے فالتو اخراجات کا اندازہ ہو جائے گا۔ اگلے مہینے ان اخراجات سے بچیں۔ کبھی بھی خریداری کریں تو اس کا بل ضرور لیں اور اسے اپنی ڈائری میں رکھیں تا کہ آپ بوقتِ ضرورت ریکارڈ چیک کر سکیں۔

کریڈٹ کارڈ کا استعمال کم سے کم کریں

معیشت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ بچت کرنا چاہتے ہیں انہیں کریڈٹ کارڈ کا استعمال کم سے کم کرنا چاہیے۔ جب آپ کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو اپنی ضرورت سے زائد رقم خرچ کر دیتے ہیں جو کہ بعد میں ادا کرنا مسئلہ بن جاتی ہے۔ اس لئے کوشش کریں کہ جب بھی رقم ادا کرنی ہو کیش یا ڈیبٹ کارڈ سے ادا کریں۔

خریداری کے لئے فہرست بنائیں

جب بھی خریداری کے لئے جائیں تو ایک فہرست بنا کر ساتھ لے جائیں۔ اپنی خریداری اسی فہرست کے مطابق کریں اور ایسی چیزیں خریدنے سے اجتناب کریں جو فہرست میں نہ لکھی ہوں۔ اکثر ایسے ہوتا ہے کہ جب ہم خریداری پر جاتے ہیں تو جو خریدنا ہو، اس کی بجائے کچھ اور ہی خرید لاتے ہیں۔ اگر خریداری کے لئے فہرست بنائی ہو تو یہ مسئلہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

خرچے سے پہلے بچت کریں

بچت کرنے کا سنہری اصول یہ ہے کہ پہلے بچت کریں پھر خرچہ کریں۔ جو لوگ خرچہ کرنے کے بعد بچت کرتے ہیں وہ کم رقم محفوظ کر پاتے ہیں۔

سیل کا بھرپور فائدہ اٹھائیں

جب بھی خریداری کرنی ہو، ایسی دکانوں سے کریں جہاں سیل لگی ہو۔ سیل میں عموماً چیزیں سستی مل جاتی ہیں۔ اس سے آپ کی کافی رقم بچ جاتی ہے جو بعد میں کسی اور جگہ استعمال کی جا سکتی ہے۔

گھر پر کھانا کھائیں

اگر آپ مہینے میں تین سے چار بار باہر کھانا کھانے جاتے ہیں تو اسے کم کر کے ایک سے دو بار کر لیں۔ گھر کی نسبت باہر سے کھانا مہنگا پڑتا ہے۔ باہر ہم تقریباً تین گنا زیادہ رقم ادا کرتے ہیں جبکہ گھر میں وہی کھانا کم قیمت میں بنایا جا سکتا ہے۔

No comments:

Post a Comment