Wednesday 2 August 2017

سنار نے شوکیس میں ایسا شیشہ لگادیا جسے چور توڑ نہ سکے، ویڈیو وائرل

ہیلمٹ پہنے چار چور پوری طاقت کے ساتھ ہتھوڑے شیشے پر برساتے رہے لیکن شیشہ نہ ٹوٹ سکا۔ فوٹو: اسکرین شاٹ

کوالا لمپور: ملائیشیا میں سنار کی دکان میں لگے مضبوط شیشے کی وجہ سے چوری کی کوشش ناکام ہوگئی۔

ملائشیا کے شہر شاہ عالم میں چور تالا توڑ کر سنار کی دکان میں گھس گئے اور انہوں نے شوکیس کو توڑنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوگئے۔ اسٹور میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں واقعے کی ویڈیو ریکارڈ ہوگئی جسے انتظامیہ نے فیس بک پر شیئر کردیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ہیلمٹ پہنے چاروں چور پوری طاقت کے ساتھ بھاری ہتھوڑے شیشے پر برساتے رہے لیکن شیشہ اتنا مضبوط تھا کہ نہ ٹوٹ سکا۔ اگرچہ شیشہ میں ذرا سا سوراخ ہوا اور چور نے اس میں ہاتھ ڈالر کر زیورات نکالنے کی کوشش کی لیکن اس کا ہاتھ زیورات تک نہ پہنچ سکا۔

ڈکیتی کی کوشش میں ناکامی پر چور موٹرسائیکلوں پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ ملائیشیا کی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے چوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ سنار نے دکان کی مرمت اور نیا شیشہ لگانے کے لیے دو ہفتے تک دکان بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ شیشہ کس کمپنی کا تھا لیکن یقینا وہ کمپنی اپنی مصنوعات کی مشہوری کے لیے اس ویڈیو کو ضرور استعمال کرے گی۔

واضح رہے کہ قیمتی اشیا کی حفاظت کے لیے پولی کاربونیٹ شیشہ لگایا جاتا ہے جسے توڑنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔